بلاول کا عمران خان سے بیرونی سازش کے ثبوت لانے کا مطالبہ

285

 

 

کراچی/اسلا م آباد(نمائندہ جسارت+صباح نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے عمران خان سے بیرونی سازش کے ثبوت لانے کا مطالبہ کر دیا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ بیرونی سازش تھی تو عمران خان نے اپنی حکومت کیوں ختم کی؟،عمران خان عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ کرنے سے بھاگ گئے اور بھاگتے بھاگتے آئین توڑ گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کو آئین کے تحت فیصلہ کرنا ہوگا اور پارلیمان پر لگا داغ دھونا ہوگا۔علاوہ ازیں برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئین توڑنا سرپرائز نہیں غداری ہے، آئین شکنی کوئی مذاق نہیں، یہ بہت ضروری ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک دوسرے افراد کا مؤقف بھی سامنے آئے کیونکہ اس اجلاس کے نتیجے میں وزیر اعظم عمران خان کہہ رہے ہیں کہ پارلیمان کے 70 فیصد ( 197 اراکین) غدار ہیں۔ انہوں نے پاکستانی فوج سے وضاحت کا
مطالبہ اس لیے کیا تاکہ ادارے اپنا مؤقف واضح کریں اور بتائیں کہ کیا قومی سلامتی کے اجلاس میں 197 اراکین کو غدار قرار دیا گیا؟۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کے میٹنگ منٹس موجود ہوں گے یا وہ ادارے خود بھی اس حوالے وضاحت دے سکتے ہیں کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں زیر بحث آنے والے دھمکی آمیز خط کے معاملے میں حقیقت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اجلاس کا جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس میں کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس غیر سیاسی فورم (قومی سلامتی کمیٹی) کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی جو افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس بہانے کو استعمال کرتے ہوئے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں اور تحریک عدم اعتماد سے بھاگے ہیں۔3 اپریل کو جو اقدام وزیر اعظم نے کیا ہے وہ ایک غیر آئینی طریقے سے کی جانے والی بغاوت ہے تاکہ وہ تین چار دن کے لیے مزید وزیر اعظم رہ سکیں۔