آئین اور قانون نہ رہا تو میں وزیراعلیٰ بن کر کیا کروں گا، حمزہ شہباز

263
constitution and law

لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی صاحب ہوش کے ناخن لیں، آپ گنڈاسہ لیکر نکلے ہیں تو ہمارے پاس بھی گنڈاسہ ہے، آئین اور قانون نہ رہا تو میں وزیراعلیٰ بن کر کیا کروں گا،عمران خان کو روکنا ہوگا وگرنہ آئین و قانون کا جنازہ نکل جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ  آج غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، کل ہم سب ممبران اسمبلی جائیں گے، پرویز الہی صاحب گنڈاسے کی سیاست کریں گے، پرویز الہی صاحب کے پاس نمبر پورے ہیں تو کل اسمبلی آئیں، آپ کے نمبر پورے ہوئے تو میں دستبردار ہو جاوں گا۔عمران نیازی خود کش بمبار بن کر آئین پاکستان پر گرنا چاہتا ہے، عمران نیازی نے خودکش بمبار بن کر سفارتی تعلقات کا ستیاناس کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کی لاٹھی بے نیاز ہے، عثمان بزدار کا بھی احتساب ہونے والا ہے، آپ کی انا کو ابھی تسکین نہیں ملی کیا، آپ کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر کل کسی جان کا نقصان ہو گیا تو ذمہ داری عمران نیازی کی ہو گی، میں کل اپنے تمام ارکان کیساتھ اسمبلی جاوں گا، اگر انہوں نے قانون کا جنازہ نکال دیا ہے تو کل عوام کے سامنے میدان لگے گا۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آئین کی پامالی ہوتی تو بنانا ری پبلک وجود میں آتا ہے، ایک ماہ میں ڈالر 8 روپے تک بڑھ گیا، اسٹاک ایکسچینج زمین بوس ہوچکا، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے ہم کس سے بات کریں۔

حمزہ شہباز  کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت میں کل اجلاس بلانے کا کہا لیکن پھر خبر آئی کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر کردیا گیا ہے، ہمارے 40 ممبران معطل کر کے اپنے نمبرز پورے کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں توڑپھوڑ کی جلد انکوائری ہو گی۔