نیازی نے آئین کوکاغذ کا ٹکڑا سمجھ کر پھاڑ دیا ہے،بلاول

161

سکھر(نمائندہ جسارت ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے آئین سے بغاوت کی اورکاغذ کا ٹکڑا سمجھ کر پھاڑ دیا ہے،عمران تو گیا یہ نہیں بچ سکتا،اس کو نہیں پتا اس کے ساتھ کیا ہوا ہے،عدالت نے آئین کی بالادستی کا فیصلہ کرنا ہے، موقع ہے کہ سلیکٹڈ کی وجہ سے پارلیمان اور عدلیہ پر لگے داغ کو دھو ڈالے۔ انہوں نے سکھر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ مارچ کی کامیابی پر جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، عوامی
مارچ کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت ختم ہوگئی، عمران خان کا نیا پاکستان ختم ہوگیا۔ اداروں کو متنازع بنایا ، ہمارا موقف تھا کہ یہ سب پاکستان کے ادارے ہیں، عمران خان کی وجہ سے ہم کسی ادارے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے۔اس شخص نے پاکستان کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، ہم اس کو نکالنا چاہتے ہیں لیکن یہ اتنا بزدل ہے کہ مقابلہ کرنے سے بھی ڈرتا ہے، نیازی میدان چھوڑ کر بھاگ گیا، مگر بھاگتے بھاگتے آئین توڑ دیا، ایک ہفتہ مزید وزیراعظم رہنے کیلیے آئین سے بغاوت کردی، ہم اس کو پاکستان کی قسمت اور آئین، جمہوریت کے ساتھ نہیں کھیلنے دیں گے، حکومت ختم ہوچکی ہے، اعلیٰ عدلیہ نے فیصلہ سنانا ہے، اعلیٰ عدلیہ کے پاس موقع ہے کہ اس سلیکشن کی وجہ سے جو داغ پارلیمان اور اعلیٰ عدلیہ پر آیا ہے وہ داغ دھو سکتے ہیں۔