اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ن لیگ کے اکائونٹس سے عدالت عظمیٰ کے بینچ پر مسلسل تنقیدی حملے ہو رہے ہیں‘ اپوزیشن نے عدالت عظمیٰ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے‘ عمران خان نے اگر اپوزیشن کے خلاف احتجاج کی کال دے دی تو انہیں اپنے گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا‘پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن نے آئین کی دھجیاں اڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی‘22 اراکین اسمبلی کو انہوں نے ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے اپنے ساتھ شامل کیا، کیا یہ آئین کا حصہ تھا؟۔ انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن کے لیے تیار ہیں لیکن اپوزیشن کی جماعتیں الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا نہیں چاہتے‘ شہباز شریف نے کہہ دیا ہے کہ وہ نگران سیٹ اپ کیلیے پراسیس کا حصہ نہیں بنیں گے‘ انہوں نے عدالت عظمیٰ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے ،اپوزیشن نے کہا کہ ان کی مرضی کا بینچ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف، بلاول زرداری کو دعوت دی لیکن یہ لوگ نہیں آئے۔ ٹوئٹر پر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف بدعنوانی کے مقدمے میں عدالت میں پیش ہونے کے بجائے اسلام آباد میں مٹرگشت کررہے ہیں‘ اگرکوئی عام آدمی ہوتا تو اب تک ضمانت منسوخ ہو چکی ہوتی‘ جب تک قانون کا اطلاق امیر اور غریب پر یکساں نہیں ہوتا ہم قوم نہیں بن سکتے۔