عوام کا لیڈر سولی پر چڑھ سکتا ہے، سمجھوتا نہیں کرسکتا، زرداری‘ بلاول

123

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں بھٹو خاندان کی قربانی کی کوئی مثال نہیں ملتی، ذوالفقار علی بھٹو نے دنیا کو بتایا کہ عوام کا لیڈر موت کو تو شان سے قبول کرسکتا ہے، لیکن اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرسکتا، بھٹو نے عوام کیلیے قربانی دی، آئین، جمہوریت و ملک کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے 43ویں یوم شہادت پر پیغام دیتے ہوئے کیا۔ اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ ملک کی ترقی، آزادی، خودمختاری اور عوام کی خوشحالی پیپلزپارٹی کا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلیے بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر ثابت قدم ہیں، بھٹو عوام سے عشق کرتے تھے اور عوام کے حقوق کیلیے دار پر چڑھ گئے، آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عوام سے عشق کا تسلسل ٹوٹنے نہیں دینگے، آج ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر ثابت قدم رہ کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد عوام ذوالفقار بھٹو شہید کے فلسفے اور افکار پر سختی سے کاربند ہے، پیپلز پارٹی 1973ء کے آئین کی حفاظت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طرح قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی، اس اصول کی طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،یہ قائدِ عوام تھے، جنہوں نے دار پر چڑھ کر دنیا کو ایک پیغام دیا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین، جمہوریت اور ملک کی حفاظت کرتی رہے گی، اور اس کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔