اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے کہنے پر الیکشن کا اعلان کیا اب یہ لوگ عدالت عظمیٰ کیوں جارہے ہیں۔پروگرام ’’ آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘‘ میں آن لائن سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہجب تک ملک کا سوچنے والے پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا ، اس مرتبہ ہم دیکھ بھال کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے، الیکشن لڑنے کا کافی تجربہ ہوچکا ہے، پہلے نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ ارکان خرید کر حکومت بنانا جمہوریت کی نفی ہے، اپوزیشن ساڑھے 3سال سے کہہ رہی ہے کہ حکومت ناکام ہوگئی اور حکومت سلیکٹڈ ہے، ہم نے اپوزیشن کے کہنے پر الیکشن کا اعلان کیا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پر کرپشن کیسز ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے انہیں این آر او ٹو ملے،یہ چھانگا مانگا کی سیاست ہے کہ بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کو خریدا جائے یہ جمہوریت نہیں جب کہ باہر سے بھی سازش ہوئی یعنی یہ حکومت گرا کر اگلی حکومت بنائی جائی، میں اس عمل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتا ہوں، عوام سے کہتا ہوں کہ اس غیر جمہوری عمل کے خلاف اسلام آباد ریڈزون کے باہر بلیو ایریا میں نماز عشا کے بعد احتجاج ریکارڈ کرائیں، اس احتجاج میں، میں خود بھی شرکت کروں گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان لاہور میں احتجاج کریں گے، مجھے معلوم ہے لاہور کے ہوٹل میں لوگوں کو خریدا جارہا ہے، منحرف ارکان کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ انتخابات میں اپنے امپائر کھڑے کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اپنے لوگوں کو لا کر الیکشن کی طرف چلے جائیں، یہ لوگ الیکشن کمیشن میں اپنے بندے لگاکر اس کے بعد انتخابات کی طرف جانا چاہتے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ اقتدار میں آکر اپنے کیسز ختم کردیں، ان کی ساری کوششیں نیب کے خاتمے کے لیے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سازش کو ناکام بنانے پر ہم اللہ کے حضور شکر گزار ہیں، اپوزیشن رہنما باڈی لینگویج سے شکست خوردہ نظر آرہے ہیں، یہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، حکومت گرانے والے حکومت بحال کرانا چاہتے ہیں، یہ عوام کی عدالت میں جانے سے ڈر رہے ہیں، یہ ناجائز دولت کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے کیسز اور نیب ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔