لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی کو خبردار کرتا ہوں کہ کوئی تماشا نہ لگائیں‘ آئیں پرامن طریقے سے ووٹنگ ہونے دیں جو بھی فیصلہ آئے گا سب کو قبول ہو گا‘ وزیراعلیٰ بننے کا شوق نہیں ہے‘ میرا مقصد اس کرپٹ حکومت سے عوام کو چھٹکارا دلانا ہے‘پنجاب اسمبلی میںتوڑ پھوڑ کے الزام میںہمارے 40 ارکان کو معطل کرنے کی سازش ہورہی ہے ۔ پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین و قانون کے خلاف رولنگ دی ہے اور پنجاب اسمبلی کے اندر متحدہ اپوزیشن عددی اکثریت سے بیٹھی، جن کی تعداد 200 تھی، اجلاس وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے تھا اور ڈپٹی اسپیکر نے امیدواروں کا باقاعدہ نام لیا۔ دریں اثنا حکومتی بینچز سے خواتین آئیں اور حملہ کر دیا جس کے بعد اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا اور اسمبلی ہال میں موجود ہماری خواتین اور بزرگ ارکان نے اندھیرے میں زمین پر بیٹھ کر روزہ افطار کیا‘ ہال کی لائٹس آف کر دی گئیں‘ چودھری پرویز الٰہی نے اپنی نگرانی میں توڑ پھوڑ کرائی اور الزام ہم پر لگا کر ہمارے 40 ارکان کو معطل کرنا چاہتے ہیں۔