لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور کی اسپشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے کی طرف سے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے جعلی اکائونٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں کی منسوخی کیلیے دائر درخواست مسترد کردی، عدالت نے ملزمان باپ بیٹے کی عبوری ضمانتوں میں 11 اپریل تک توسیع کردی۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ عبوری ضمانت میں توسیع کیلیے ملزم کا خود حاضر ہونا لازم ہوتا ہے، آج بھی شہباز شریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں اور عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔ دوران سماعت عدالت میں شہباز شریف کی طرف سے حاضری سے معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ انہوں نے اسلام آباد میں عدالت عظمیٰ میں درخواست دائرکرنی ہے اس لیے حاضر ی سے معافی کی درخواست منظور کی جائے جبکہ حمزہ شہباز نے عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کرائی۔