پاکستان کی سب سے بڑی فتح

226

لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے49 اوور میں 4 وکٹ پر 349 رنز بناکر جیت حاصل کی جو اس کا بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے جیت کے لئے بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس میچ میں آسڑیلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقرر ہ 50 اوور میں 8وکٹ پر 348 رنز بنائے تھے۔
اس سے پہلے پاکستان کا جیت کے لئے دوسری اننگز میں بنایا گیا سب سے زیادہ اسکور49.5 اوور میں سات وکٹ پر 329 رنز تھا جو اس نے بنگلا دیش کے خلاف میر پور، ڈھاکا میں4 مارچ2014 کو بنایا تھا۔ اس میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں تین وکٹ پر 326 رنز بنائے تھے۔پاکستان کا دوسری اننگز میں سب سے زیادہ اسکور مقررہ50 اوور میں سات وکٹ پر361 رنز ہے جو اس نے انگلینڈ کے خلاف ساوٹھمپٹن میں11 مئی2019 کو بنایا تھا۔ اس میچ میں پاکستان کو 12رنز سے شکست ہوئی تھی کیونکہ انگلینٖڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں تین وکٹ پر 373 رنز بنائے تھے۔
آسڑیلیا کے خلاف پاکستان کا اسکور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بعد میں جیت کے لیے بنایا گیا دسواں سب سے بڑا سکور ہے۔دوسری اننگ میں جیت کے لئے بنایا گیا سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے پاس ہے جس نے آسڑیلیا کے خلاف جوہانسبرگ میں12 مارچ2006 کو ہوئے میچ میں49.5 اوور میں نو وکٹ پر438 رنز بنائے تھے۔ تب یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی تھا۔ اس میچ میں آسڑیلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میںچار وکٹ پر434 رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقا کو بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے جیت کے لئے دوسرا سب سے بڑا سکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نے ڈربن میں 5 اکتوبر2016 کو ہوئے میچ میں49.2 اوور میں چھ وکٹ پر 372 رنز بناکر میچ جیتا تھا۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسڑیلیا نے مقررہ پچاس اوور میں چھ وکٹ پر 371 رنز بنائے تھے۔
بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے جیت کے لئے جو دس بڑے اسکور بنے ہیں اس میں سے 5آسڑیلیا کی ٹیم کے خلاف بنے ہیں۔یہ سبھی میچ آسڑیلیا سے باہر ہوئے ہیں۔ دو جنوبی افریقا میں، دوبھارت میں اور ایک پاکستان میں۔پاکستان نے آسڑیلیا کے خلاف اس میچ سے پہلے دوسری اننگز میں دو مرتبہ تین سو سے زیادہ رنز بنائے ہیں اور دونوں مرتبہ اسے شکست ہوئی ہے۔ ایٖڈیلیڈ میں26 جنوری2017 کو پاکستان نے49.1 اوور میں312 رنز بنائے تھے اور میچ57 رنز سے گنوایا تھا۔ دبئی میں 31 مارچ2019 کو پاکستان نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے50 اوور میں سات وکٹ پر 307 رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں پاکستان کو20 رنز سے شکست ہوئی تھی۔