تحریک عدم اعتماد پیش کرنیوالی جماعتیں کالعدم قرار دی جائیں ، شیخ رشید

115

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرکے رمضان کے بعد الیکشن کا اعلان کرے‘ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والی سیاسی جماعتیں کالعدم قرار دی جائیں‘ ملک کو آگے لے جانے کے لیے الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں‘حالات تشویشناک ہیں‘چور، ڈاکو باپ بیٹا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے عہدے کے امیدوار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن پھنس چکی اور عمران خان مقبول ہوچکے ہیں‘ سیاست کے فائنل رائونڈ کے لیے24گھنٹے رہ گئے ہیں‘ اس دوران ہر گھنٹے بعد صورتحال بدلے گی‘ حالات تشویشناک ہیں‘ ملک کو آگے لے جانے کا الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں‘ رمضان کے بعد انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی کی نشستوں سے مستعفی ہوجائیں‘ منحرف اراکین اپنے حلقوں میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے‘ تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوتی ہے تو وزیراعظم کب تک ذمہ داریاں نبھائیں گے‘ اس پر آئین خاموش ہے‘دیکھ رہے ہیںکہ صدر مملکت وزیراعظم کو کس وقت تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو بھتا تو اب بھی مل رہا ہے‘اداروں کو سب پتا ہے‘ ہم نے بھی غلطیاں کیں اور کمزوریاں ہماری بھی ہیں مگر لوگ ان کو دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو سیاست سے ریٹائر ہونا تھا مگر اب مجھے اور زیادہ کام کرنا ہے جو پارٹیاں عالمی سازش میں شامل ہیں ان کے خلاف غداری کے مقدمات درج کرائے جائیں‘ ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے جو غیر ملکی پیسے لے کر سازش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا ملک کو مقصود چپڑاسی اور دہی بھلے والے چلائیں گے؟ میں پی ٹی آئی کا ساتھی نہیں ہوں‘ میں نے ہمیشہ اکیلی سیٹ پر سیاست کی ہے اور آج میں ان ضمیر فروش جماعتوں کے خلاف سیاسی اعلان جنگ کرتا ہوں‘ لڑائی اب گلی محلوں تک پہنچ گئی جس کے پیش نظر میں عوام سے درخواست کروں گا کہ عمران خان کا ساتھ دیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ رمضان یا عید کے بعد کسی ٹی وی پر بطور اینکر بھی آ سکتے ہیں‘ فواد چودھری وزیر قانون ہیں، وہ بغاوت کے مقدمے کی درخواست بھیجیں تو میں ابھی دستخط کردوں گا۔