اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان ہارا نہیں بلکہ انتہائی ذلت اور رسوائی کے ساتھ بھاگا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد مسترد کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ تحریک جعلی وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک ایجنڈے پر تھی، لیکن ایک غیرمتعلقہ خط کا سہارا لے کر ایجنڈے کو نظر انداز کرکے عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی بھونڈی حرکت کی گئی، اور پورے ملک کو ایک سیاسی بحران کی طرف دھکیل دیا گیا، تاریخ میں پہلی بار اتنے ذمہ دار منصب سے اتنی بڑی حماقت دیکھی گئی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہوا عمران خان نے ڈکٹیٹروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، وہ ہارا نہیں بلکہ انتہائی ذلت اور رسوائی کے ساتھ بھاگا ہے، عمران خان نے کوشش کی کہ میں جس گھر میں نہ رہوں وہاں کے در و دیوار، برتن اور دیگر سامان توڑ دیا جائے، ایسا کام صرف پاگل نہیں باولا ہی کرسکتا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے بار بار قوم کو آگاہ کیا تھا کہ یہ شخص اپنی دماغی اور ذہنی کیفیت کی بنیاد پر ملک کا وزیراعظم بننے کی صلاحیت نہیں رکھتا، ناجائز راستے سے اقتدار میں آنے والا ناجائز راستے سے بھاگ گیا، لیکن اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اپنی جگہ پر قائم ہے۔