کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے صوبہ سندھ میں سرکاری سطح پر ایمبولینس سروس نہ ہونے کے خلاف درخواست پر ایمرجنسی کالز سے متعلق ڈیٹاطلب کرتے ہوئے سماعت 14اپریل تک ملتوی کردی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں صوبہ سندھ میں سرکاری سطح پر ایمبولینس سروس نا ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار وکیل نے موقف دیا کہ سندھ میں سرکاری سطح پر ایمبولینس سروس موجود نہیں ہے۔
دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض ایمبولینس سروس نا ہونے کی وجہ سے انتقال کرجاتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایمر جنسی کی صورت میں شہری کس طرح ایمبولینس سروس استعمال کرتے ہیں طریقہ کار بتایا جائے۔ کتنے وقت میں ضرورت مند مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس سروس فراہم کردی جاتی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے تمام اضلاع کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ اور ڈی ایچ اوز ایمرجنسی میں عوام کو ایمبولینس سروس فراہم کریں۔ عدالت نے ایمرجنسی کالز سے متعلق ڈیٹا بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 14 اپریل تک ملتوی کردی۔