منی لانڈرنگ کیس، شہباز، حمزہ کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا مسترد

342

لاہور کی اسپیشل سنٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں صدر ن لیگ و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عبوری ضمانت فوری طور پر منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی، عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔

 نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کیلئے ایف آئی اے کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ ایف آئی اے پراسکیوٹر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں، شہباز شریف عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ 

وکیل ایف آئی اے نے استدعا کی کہ عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔ عدالت نے ایف آئی اے پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ اگر عبوری ضمانت میں توسیع غلط ہے تو ایف آئی اے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دوسری پارٹی کو سنیں بغیر کیسے آرڈر پاس کر سکتے ہیں۔ جج سپیشل کورٹ سینٹرل نے ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ 

بعد ازاں عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کی فوری ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4اپریل کو جواب طلب کرلیا۔