راولپنڈی (آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اداروں کو فوری طور شفاف انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ عوام ووٹ کے ذریعے ایمانداراراکین کو ایوانوں میں لائیں اور ضمیر فروشوں کو مسترد کریں، ذمے داروں سے کہتا ہوں رمضان کے بعد نئے الیکشن لازمی ہونے چاہئیں، نئے انتخابات اس لیے بھی ضروری ہیں تاکہ آئندہ خریدوفروخت والوں کو لوگ منتخب نہ کریں۔ وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی کادرجہ ملنے پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب بھی ہوجائے عمران ان مرداروں سے شکست نہیں مانے گا اس نے اگر چوک چوراہے کی سیاست کی تو راولپنڈی کا بچہ بچہ ساتھ ہوگالہٰذا ذمے داران رمضان کے بعد انتخابات کا فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود لوگ عمران خان کو پسند کرتے ہیں، سیاست سے ریٹائرڈ ہونے والا تھا مگر موجودہ صورتحال میں ارادہ مؤخر کر کے عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہوں گا،پاکستان کی سیاست میں ہرآنے والا دن بہت اہم ہے،دنیا میں پاکستان جغرافیائی اعتبار سے اہم خطے میں واقع ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے پر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمدسرورکا شکر گزارہوں ،قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے وقارالنسا کالج کویونیورسٹی کا درجہ دینے میں تاخیر ہوئی اوراسی یونیورسٹی میں راولپنڈی کی غریب پڑھی لکھی 264 بچیوں کو میرٹ پر نوکریاں بھی دی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پشاور دھماکے میں 70افراد کو شہید کرنے والے تمام دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔