اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف عمران خان کی انا کی وجہ پاکستان کی قسمت کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے خود کو بچانے کے لیے قومی سلامتی کا فورم استعمال کیا، عمران خان اتنا ہی جھوٹ بولیں جتنا لوگ مان سکیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےبلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم کے دورہ روس سے قبل ہی تحریک عدم اعتماد کے لیے شہباز شریف کے گھر گئے، حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک سیاسی عمل کے نتیجے میں عدم اعتماد تک پہنچے، عمران خان جھوٹ کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف عالمی سازش ہوئی، اگر آپ کو جھوٹ بولنا ہے تو اتنا ہی جھوٹ بولیں جتنا لوگ مان سکیں،
ان کا کہنا تھا کہ خط کا معاملہ قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی کوشش ہے۔بلاول نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سربراہان کو ہٹانے کے لیے ہمیشہ غیر جمہوری طریقے اپنائے گئے جب کہ ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا جسے عمران خان متنازع نہ بنائیں، وہ کہتے ہیں کہ میں نہیں کھیلوں کا اور کسی اور کو بھی کھیلنے نہیں دوں گا، یہ درست نہیں۔بلاول نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر ہمارا عمران خان کے ساتھ جھگڑا ختم ہوجائے گا لیکن غیر جمہوری کردار اپنانے پر ہماری عمران خان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔