صدر مملکت کا سبی اور باجوڑ میں شہید جوانوں کے ورثاسے ٹیلیفونک رابطہ

392

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 8 مارچ کو ضلع سبی میں خودکش حملے اور 21 مارچ کو باجوڑ حملہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاسے ٹیلی فونک رابطہ کرکے شہداکی عظیم قربانی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حسب روایت شہداکے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خود کش حملے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور شہداکے بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت کی۔ صدر مملکت نے شہدااور ان کے خاندانوں کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حوالدار عبدالطیف اور نائیک وحید اللہ کے اہل خانہ سے بات چیت کی، انہوں نے سپاہی عبدالجمال اور سپاہی سبطین حیدر کے لواحقین سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔ صدر مملکت نے 21 مارچ کو باجوڑ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے بھی بات کی۔ صدر مملکت نے سپاہی کامران خان اور نائب صوبیدار اشتیاق احمد کے ورثاسے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔ صدر مملکت نے شہدا کیلئے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔