وزیراعظم روئیں، چیخیں یا پیٹیں این آر او نہیں ملے گا، مریم اورنگزیب

222

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان روئیں، چیخیں یا پیٹیں این آر او نہیں ملے گا۔ یہ بات انہوںنے قومی اسمبلی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ کے اقتدار کا سفر دیمک زدہ لاٹھیوں سے شروع ہوا
جو مینڈیٹ کی مانند اندر سے کھوکھلی تھیں، ساڑھے 3 سال آپ لوگوں کی رائے، لوگوں کے ضمیر کی آواز کو چوری کرکے امیر سلطنت کہلائے، کاش آپ بدترین گناہ تہمت، گالیوں اور الزام تراشی کے بجائے مخلوق خدا کی بنیادی ضروریات آٹا، چینی، گیس، دوائی، کھاد کے بارے میں سوچتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب بھلے آپ ووٹ چوری سے آئے تھے لیکن کاش اس قیمتی وقت کو اپوزیشن سے سیاسی انتقام لینے، پارلیمان کو مفلوج اور میڈیا سمیت ہر تنقید کرنے والے کی زبان بندی کرنے کے بجائے ملکی ترقی اور خوشحالی کا سوچتے، اتنے بڑے اخلاقی معیار بنا کر آپ پاتال میں اترگئے۔ ذرا سوچیئے گا کہ یہ منصب تھا کس لیے اور آپ نے اسے استعمال کس لیے کیا؟۔ پروردگار کا قانون حرکت میں آکر رہتا ہے اور خودساختہ مذہب کا لبادہ اوڑھنے والوں کی کوئی عزت نہیں اور جھوٹ، انتشار، فساد، بدتمیزی، بدتہذیبی اور کرپشن کی مثالیں رقم کرنے والوں کو اسکا قہر لمحوں میں نشان عبرت بنا دیتا ہے۔