عمران وزیراعظم نہیں رہے ،بلاول ،مستعفی ہوجائیں،فضل الرحمٰن،سیاستدان سبق سیکھیں،مریم نواز

181

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اب وزیراعظم نہیں رہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان مستعفی ہو جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کو عمران خان کے انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری نے اپوزیشن کا ساتھ دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2018 ء میں الیکشن کے نام پر سلیکشن ہوئی‘ پی پی اور ایم کیو ایم میں دوری کے باعث کراچی کا نقصان ہوا، اب تمام قومی قیادت ایک صفحے پر جمع ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں وزیراعظم عمران خان اپنی اکثریت کھو چکے ہیں‘ عمران خان وزیراعظم نہیں رہے اور ان کے پاس استعفا دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں رہا۔ بلاول نے کہا کہ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہے جس میں تحریک عدم اعتماد پرآج ہی ووٹنگ کرائی جائے اور معاملے کو حل کرکے آگے بڑھا جائے‘ یہ انتخابی اصلاحات پر کام کرنے اور معاشی بحران سے نکلنے کا آغاز ہوگا، شہباز شریف جلد وزیراعظم منتخب ہوں گے۔ اس موقع پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اب بھی وقت ہے جو دوست فیصلہ نہیں کرسکے جلدی کرلیں‘ 4 سال پہلے شروع ہونے والے ڈرامے کا آج ڈراپ سین ہوگیا‘ عمران خان کے ہاتھ سے سب کچھ نکل گیا ہے اور پانی پلوں کے نیچے سے بہہ گیا‘ اس کے پاس چاٹنے کے لیے ایک بوند بھی نہیں بچی‘ تمہارے پاس اخلاقیات بچی ہیں تو آج ہی استعفا دے دو‘ ہماری تعداد 175 ہے جب کہ ضرورت 172 کی ہے۔ فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ عالمی سازش عمران خان کے خلاف نہیں ہوئی بلکہ عالمی سازش اس وقت ہوئی تھی جب عمران خان کو برسراقتدار لایا جا رہا تھا‘ کوئی سازش نہیں ہو رہی یہ سب ڈراما ہے‘ آپ کی کوئی حیثیت نہیں کہ آپ کے خلاف سازش ہو اور امریکا تمہیں دھمکیاں دے، تم ہو کیا چیز۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کو عمران خان کے انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ آپ کی نااہلی اور مکمل تباہی کا دور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شکست خوردہ ہے، آپ نے نہ صرف اکثریت بلکہ اخلاقی اختیار بھی کھو دیا‘ اپنے منصب سے استعفا دیں۔