اسلام آباد (آن لائن) تحریک عدم اعتماد، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق
مشاورت کی گئی، وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ تحریک عدم اعتماد پر اجلاس 3 اپریل تک جاری رہے گا، اس کے علاوہ اجلاس ہفتہ اور اتوار کو بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دن تحریک عدم اعتماد پر بحث جاری رہے گی۔علاوہ ازیں بابراعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر بڑے پیمانے پر باہر کا پیسہ استعمال ہورہا ہے،خریدے ہوئے اراکین کو کہا جارہا ہے الیکشن کمیشن نااہلی کا فیصلہ 6 مہینے میں کرے گا،ہماری تیاری مکمل ہے ہم سرپرائز دیں گے۔ آج ڈالرز اور پاؤنڈز چلائے جارہے ہیں وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو ہدایات بھیجی ہیں کہ پی ٹی آئی کے اراکین ووٹنگ میں نہیں جائیں گے ۔ ہم عدالت عظمیٰ کے سامنے وہ مراسلہ رکھنے کے لیے تیار ہیں جو وزیراعظم نے جلسے میں لہرایا، اس پراسد عمر اور فواد چودھری نے پریس کانفرنس کی، جس دن مراسلہ منظر عام پر آگیا اس کے بعد پی ڈی ایم قیادت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔