اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہٹانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر سازشیں کی گئی ہیں اوربین الاقوامی سرمایہ کاری ہو ئی ہے، وہ ان شاء اللہ ناکام ہوں گے، میں خود فوری الیکشن کا حامی ہوں، آج قوم عمران خان کے ساتھ ہے،سیاست میں بعض لوگ جیت کر بھی ہارجاتے ہیں اور بعض لوگ ہار کر بھی جیت جاتے ہیں۔ 3 اپریل کی آخری بال تک عمران خان کھیلے گا اور مقابلہ کرے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی جو ہے وہ پنڈی ہے اور وہ ذمے دار لو گ ہیں اوروہ پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستان کے حالات سے بخوبی واقف ہیں اور پاکستان کے معاملات کو وہ سمجھتے ہیں، جہاں تک یہ تعلق ہے کہ انہوں نے غیر جانبداری کا مظاہر ہ کیا ہے تو یہ اچھی بات ہے، اس میں کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، اگر ہم ہر چیز پنڈی پر ڈال دیں تویہ بھی کوئی اچھی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی فنڈنگ عمران خان کی حکومت کو ختم کرنے کے لئے ہوئی ہے، یہ کوئی ایجنسیز کی کوئی ناکامی نہیں ، ایجنسیز کو سب کچھ پتا ہوتا ہے اوروہ آپس میں مل کر چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ق نے سیاست میں بڑا اچھا قدم اٹھایا ہے، چودھری شجاعت نے رات کو جو بیان دیا ہے وہ بڑا جاندار بیان ہے۔ عثمان بزدار کے جاتے جاتے گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہمیں راولپنڈی کے لیے ایک اوریونیورسٹی کا نوٹیفیکیشن مل گیا اور راولپنڈی ملک میں واحد شہر ہو گا جس میں پانچ یونیورسٹیاں ہوں گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں ساری رات جاگاہوا ہوں، میڈیا کہے گا میں مایوس دکھائی دے رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میںتمام کنٹینر ہٹا دیے گئے ہیں، تمام راستے صاف ہیں، بڑے ہی خطرناک 4 دہشت گرد پکڑے ہیں، ان کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ اب الیکشن کا سماں ہے31تاریخ سے تقریریں ہوں گی اور3 اپریل کو ووٹنگ ہو گی، میں نے کہا تھا کہ (ق)لیگ ہمارے ساتھ آئے گی اسی طرح میری خواہش اوردعا ہے کہ ایم کیوایم بھی ہمارے ساتھ آئے۔ منگل کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان( آج)بدھ کو ای پاسپورٹ کا اجرا کریں گے، نئے بائیو میٹرک پاسپورٹ میں الیکٹرونک چپ استعمال کی جائے گی، ای پاسپورٹ میں جدید ترین 29 نئے سیکورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ای پاسپورٹ 2004ء کے بعد پاکستانی سفری دستاویز کی سب سے بڑی اپ گریڈیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ سے دنیا بھر کے ائر پورٹس پر ای گیٹ کی سہولت سے استفادہ کیا جاسکے گا۔