زرداری کی بریت کی اپیل پر نیب کو جواب جمع کرانے کی ہدایت

137

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کی اپیل میں نیب کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کردی۔ منگل کے روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ آصف ذرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے بجائے جونیئر وکیل وحید راجپر عدالت میں پیش ہوئے۔ وحید راجپر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ فاروق ایچ نائیک عدالت عظمیٰ میں مصروف ہیں، پیش نہیں ہوسکتے، استدعا ہے کہ عدالت سماعت ملتوی کردے۔ دوران سماعت نیب نے اپنا جواب جمع نہ کروایا جس پر عدالت نے نیب کوآئندہ سماعت سے قبل اپنا جواب جمع کروانے کا حکم دیا اور معاون وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 11 مئی تک ملتوی کردی۔