لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی ملک یا قوم کے لیے اس سے زیادہ خطرناک اور بدقسمتی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ ان کے مستقبل اور تقدیر کے فیصلے عمران جیسا احمق اور جاہل انسان کرے۔کل تک تم عدم اعتماد کی دعائیں مانگتے تھے۔آج اسے غیر ملکی سازش کہہ رہے ہو؟ حواس پر قابو رکھو۔پاکستان کو دنیا بھر میں رسوا نہ کرو۔ اور اس کی سلامتی سے مت کھیلو۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ تو سب سے بڑے عالمی لیڈر تھے؟کبھی سعودی عرب،ایران کے درمیان ثالثی۔کبھی روس یوکرائن کے درمیان ثالثی۔ یہ اچانک کیا ہوگیا کہ آپ کے خلاف سازش ہوگئی ؟ آپ تومغرب کے چہیتے تھے نا؟اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان کی سلامتی سے کھلواڑ مت کرو۔سبز ہلالی پرچم پر 35ٹانکے مت لگائو۔نوازشریف کو 3 بار وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا لیکن انہوں نے ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی۔نا کسی پر جھوٹے الزام لگائے۔اس سے زیادہ ملکی سلامتی کے لیے خطرناک بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ ملک کا وزیراعظم اپنا اقتدار بچانے کے لیے جھوٹی سازشوں کا ڈراما کر کے ملک کا تماشا بنا دے۔