کیڑے مکوڑے چند روپوں کی خاطر اپنے ضمیر بیچ رہے ہیں، شیخ رشید

236

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کیڑے مکوڑے چند روپوں کی خاطر اپنے ضمیر بیچ رہے ہیں، مال اپوزیشن کی کمزوری ہے۔

اسلام آباد میں الیکٹرانک پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلے ایک ایک ویزے پر لاکھوں روپے رشوت لی جاتی تھی لیکن آج ایک بھی ویزہ درخواست رکی ہوئی نہیں ہے۔

ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سب سیاسی گندے نالی کے کیڑے چند روپوں کی خاطر اپنے ضمیر بیچ رہے ہیں، انہوں نے صدام حسین اور اسامہ بن لادن کا مال کھایا، مال اپوزیشن کی کمزوری ہے لیکن ضمیر فروش ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضمیر فروشوں کی سوچ جو مرضی ہو لیکن عوام کی سوچ اور ووٹ عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان کے ساتھ میں چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ سارے لوگ تھوڑے عرصے کی بات ہے، آئندہ الیکشن میں آپ کی مقبولیت مزید بڑھے گی اور یہ سب چل کر آپ کے پاس واپس آئیں گے لیکن تب ان کو لات مار دینا لیکن عمران خان سب کو معاف کر دیتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ گیٹ نمبر 4 جی ایچ کیو کی پیداوار ہیں اور حمید گل ان کا سیاسی مشیر ہوتا تھا، سب جانتے ہیں کہ مثاق جمہوریت کس نے کروایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں دو حلقوں کی سیاست کرتا ہوں اور جتنی ہمت و طاقت رہ گئی ہے، اس میں اللہ کے بعد عمران خان کا ساتھ دوں گا اور مجھے اس پر فخر ہے کہ میں نے عمران خان کے لیے سیاست کی ہے۔