تحریک عدم اعتماد کے لئے بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، شیخ رشید

394

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لئے بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، جن لوگوں نے عالمی سطح پر سازش کی ہے وہ ناکام ہوں گے، پی ٹی آئی کے حالیہ عوامی اجتماع نے ثابت کردیا کہ قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مذموم عزائم رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے گا، وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں عوامی اجتماعات کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ایک ماہ سے جلسے جلوسوں، مارچ اور او آئی سی کانفرنس میں مصروف رہی اور تمام معاملات خیر وعافیت سے اختتام پذیر ہوئے جس پر تمام فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اب کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور تمام سڑکیں صاف کر دی گئی ہیں۔

شیخ رشید احمد نے پی ایم ایل (ق) کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی حمایت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق)نے بڑا اچھا فیصلہ کیا ہے، (ق) لیگ کے ساتھ تمام معاملات باہمی رضامندی سے طے پا گئے ہیں۔ انہوں نےامید ظاہر کی کہ متحدہ قومی موومنٹ بھی اس کی پیروی کرے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس کا اظہار اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے حالیہ عوامی اجتماع میں دیکھنے کو ملا ہے۔وفاقی وزیر د اخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ عدم اعتماد پر ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی۔ 31 تاریخ کو عدم اعتماد پر بحث ہوگی جس کے بعد ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی، تین اپریل کو ووٹنگ کا عمل خوش اسلوبی سے انجام پائے گا، تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ آخری گھنٹے تک جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ اتحادیوں کے بارے میں کہا تھا کہ ق لیگ ہمارے ساتھ آئے گی، اب دعا ہے ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ آئے کیونکہ ایم کیو ایم کا فیصلہ بڑا فیصلہ کن ہوگا لیکن مذاکراتی کمیٹی میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی فنڈنگ سے عمران خان کو گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے جن لوگوں نے عمران خان کو ہٹانے کے لیے انٹرنیشنل سازشیں اور سرمایہ کاری کی وہ ناکام ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے تین تاریخ کو اپوزیشن 172 بندے پورے نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب وزیر اعلی عثمان بزدار کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے، عثمان بزدار نے جاتے جاتے راولپنڈی میں یونیورسٹی کی منظوری بھی دے دی ہے، راولپنڈی پہلا شہر ہوگا جس کے پاس 5 یونیورسٹیاں ہوں گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی تین خواہش ہیںاول قوم وزیراعظم عمران خان کے لئے کھڑی ہو، دوم نالہ لئی منصوبہ بن جائے اور صاف شفاف اور غیر جانبدار رانہ انتخابات ہو جائیں۔