لاہور:عبدالعلیم خان نے بدلتی صورتحال میں اپنی رہائشگاہ پر مختلف اراکین اسمبلی اور سیاسی شخصیات سے مشاورت شروع کردی، علیم گروپ کی اکثریت کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو حکومتی امیدوار بنانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔علیم خان گروپ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کو پی ٹی آئی ایم پی ایز میں سے کسی کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار بنانا چاہئے تھا۔بتایاگیاہے کہ چار اہم ترین حکومتی شخصیات علیم خان اور پرویز الٰہی کے درمیان مفاہمت کیلئے کوشاں ہیں،
اس دوران اگرمتحدہ اپوزیشن نے رابطہ کر کے حمایت مانگی تو اس آپشن پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جائے گا، آئندہ 48 گھنٹوں میں مشاورت مکمل ہونے کے بعد علیم گروپ اپنے فیصلے کا اعلان کر سکتا ہے۔
علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے علیم خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پنجاب کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایاگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے موجودہ سیاسی صورتحال میں علیم خان سے تعاون کی درخواست کی ہے جس پر انہوںنے اپنے ہم خیال اراکین سے مشاورت کر کے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔