حکومت سنبھالتے ہی خط سامنے لانے کا آرڈر کریں گے، خورشید شاہ

291

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے میں عالمی سازش کے الزام کی تحقیقات کرائیں گے۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم حکومت سنبھالتے ہی پہلا آرڈر خط سامنے لانے کا کریں گے اور عالمی سازش کے الزام کی تحقیقات کرائیں گے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان سکیورٹی تھریٹ والا خط اپوزیشن کو دکھائیں ہم سب مل کر اس دھمکی کا مقابلہ کریں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ وہ سکیورٹی تھریٹ والا خط اپوزیشن کو دکھائیں تو اپوزیشن ریاست کو دی گئی دھمکی کا مل کر مقابلہ کرے گی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کے دوران اپنے ‘سرپرائز’ کا اعلان کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے جیب سے خط نکال کر لہراتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ بین الاقوامی فنڈز کی مدد سے ان کے خلاف سازش تیار کی گئی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت ان سازشوں کے جال میں نہیں پھنسے گی اور دیگر ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر معاملات کیے جائیں گے۔