شنگھائی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے اپنے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں سخت کووڈ لاک نافذ کر دیا ہے۔ یہ سن 2020 ء کے بعد سب سے بڑا لاک ڈاؤن قرار دیا گیا ہے۔ ڈھائی کروڑ سے زائدآبادی والے شہر میں بڑے پیمان پر کورونا ٹیسٹنگ شروع کردی گئی ہے اور لوگ ایک با ر پھر گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ شہر میں جمعہ تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔ کورونا ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں شنگھائی کے علاقے پوڈونگ کو دیگر شہروں سے مکمل کاٹ دیا جائے گا۔ اس کے بعد زیادہ گنجان آباد علاقے پوکسی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ چینی شہر ووہان میں نومبر 2019 ء میں کورونا وائرس کے بعد ملک میں اس طرح کا سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کو 76روز تک مکمل طور پر بقیہ ملک سے کاٹ کر رکھ دیا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شنگھائی میں ویسے ہی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا میں ایک اخباری رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے میں کورونا متاثرین کی شرح میں کمی رونما ہوئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس میں مبتلا شدید بیمار افراد کی اموات میں تسلسل نوٹ کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کا امیکرون ویرینٹ پھیلا ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے ساڑھے 3لاکھ افراد اس نئے انفیکشن میں مبتلا ہوئے تھے۔