سکھر (نمائندہ جسارت)سکھر پولیس کا بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے کارندوں سے مقابلہ ، سندھ بلوچستان پنجاب سمیت بیشتر اضلاع کی پولیس کو انتہائی مطلوب سرغنہ سمیت دو خطرناک ڈاکو مارے گئے، ترجمان پولیس کے مطابق واردات کی نیت سے مہران کار میں سوار ڈاکوئوں کو پولیس نے تھانہ ائرپورٹ کی حدود ناکہ پر روکنے کا اشارہ کیا ، کار سوار ڈاکووں نے ناکہ توڑ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی ،پولیس نے فرار ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کیا اور بروقت کنٹرول پر تمام داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف ناکوں و پوائنٹس پر تعینات پولیس کو الرٹ رہنے اور مشکوک کار کے متعلق آگاہ کیا، ڈاکوؤں نے آباد کی حدود کنڈو واہن لنک روڈ پر موجود ناکہ پر الرٹ اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی،اس دوران پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے سرغنہ سمیت اہم کارندہ پولیس مقابلے میں مارے گئے، مزید قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کیلیے ڈاکوؤں کو اسپتال لایا گیا جہاں کرمنل ریکارڈ اڈینٹیفیکیشن ڈیوائس (CRO) کے ذریعے ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت عمران بھیو اور میر دوست بھیو کے نام سے ہوئی ہے،ابتدائی طور پر ہلاک ڈاکو / کار لفٹر سندھ میں کراچی سمیت دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کی پولیس کو درجنون وارداتوں میں مطلوب تھے، جن کے خلاف اب تک 60 سے زائد سنگین مقدمات درج ہوچکے ہیں اور ملزمان کے خلاف درج مزید مقدمات کی تفصیلات بھی سے حاصل کی جا رہی ہیں،ہلاک خطرناک ڈاکو کار چھیننے ، کار چوری ، پولیس مقابلوں سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے،ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک کار، کار لفٹنگ ڈیوائس کلاشنکوف، پستول معہ گولیاں ، پولیس یونیفارم اورجعلی نمبر پلیٹس سمیت دیگر آلات برآمد کیے گئے ہیں۔