ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)جھرک کے قریب ویران جنگلات کے گائوں شاھو خان پھنور میں آگ لگ گئی ،20 سے زائد کچے گھر جل کر خاکستر ،کئی جانور بھی جل کر ہلاک ہوگئے ۔ٹھٹھہ کے علاقے جھرک کے ویران جنگلات کے گائوں شاھو خان پھنور میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے 30 گھر مکمل جل کر خاکستر ہوگئے اور گھروں میں رکھے بستر پلنگ اور دیگر سامان بھی جل کر راکھ ہوگیا اور کئی بکریاں اور دیگر جانور بھی جل کر ہلاک ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر جھرک پولیس کی بھاری نفری گائوں شاھو خان پھنور میں پہنچ گئی اور گائوں کے لوگوں نے پولیس کے ہمراہ دیگر گھروں کو جلنے سے بچالیا۔ فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع دینے کے باوجود نہ پہنچ سکا گائوں کے لوگ کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار بیٹھے ہوئے ہیں گائوں والوں کے مطابق آگ کسی چولہے کی چنگاری سے لگی تھی جس نے سارے گائوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گائوں والوں کا کہنا تھا کہ ہمارے لاکھوں روپے کے بچھڑے بکریاں جل کر ہلاک ہوگئے اور گھروں کا پورا سامان جل کر خاکستر ہو گیا لیکن ہمیں کوئی پوچھنے تک نہ آیا۔