وزیراعظم کالہرایا گیا خط دیکھنا چاہتی ہوں، مریم اورنگزیب

153

لاہور (نمائندہ جسارت) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی جانب سے لہرایا گیا خط دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا وہ آف دی ریکارڈ خط نہیں ہے وہ آپ کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا جو دیکھنا چاہے میں یہ آف دی ریکارڈ خط ان کو دکھا سکتا ہوں، تو میں نے وہ خط دیکھنا ہے جو عمران خان صاحب کی جیب میں ہے۔ مریم اورنگزیب نے قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے کپتان اور کرپشن کے ڈان کا آج سے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے۔ چور، نالائق اور نااہل ٹولے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوروں کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، کشمیر فروش کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، مدینہ کے مقدس نام پہ اپنی گھٹیا سیاست کرنے والے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے منفی کرنے والے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، عوام کو غریب اور بے روزگار کرنے والے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے۔