فضل الرحمٰن ،زرداری ،شہباز ملک کو غلام بنانا چاہتے ہیں،فواد چوہدری

148
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد عالمی سازش کا حصہ ہے، مقامی سیاسی پلیئرز جن کا سرغنہ مے فیئرز اپارٹمنٹس میں بیٹھا ہوا ہے، نے اس عالمی سازش کا حصہ بنتے ہوئے پاکستان کے خلاف سازش کی، مولانا فضل الرحمن، آصف زرداری اور شہباز شریف جیسے بونے پاکستان کو مستقل غلامی میں دینے کا پلان تیار کر رہے ہیں ، یہ وہ پتلیاں ہیں جن کے تانے بانے لندن میں بیٹھے ہوئے شخص کے ہاتھ میں ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی موجود تھے۔ فواد چودھری نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت جاری ہے، اٹارنی جنرل دلائل دے رہے ہیں، کل کے کامیاب جلسے پر عوام کا شکر گزارہوں، گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک، کوئٹہ اور چاغی کے پہاڑوں سے لے کر لاہور تک اور لاہور سے اسلام آباد تک عوام نے عمران خان کی قیادت پر لبیک کہا، بڑی تعداد میں لوگ یہاں پہنچے اور عظیم اجتماع کیا جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔