لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی دائر درخواست چیف جسٹس کو بھجوا دی تاکہ یہ درخواست 2رکنی بینچ میں سنی جائے۔جسٹس مزمل اختر شبیر نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار آمنہ ملک کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وزارت داخلہ کی طرف سے درخواست پر جواب داخل کرایا گیا ،جس میں بتایا گیا کہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ ڈویژن بینچ میں زیر سماعت ہے وہاں یہ کیس بھیج دیا جائے، جس پر عدالت نے کیس 2 رکنی بینچ کے روبرو سماعت کے لیے لگانے کی غرض سے دائر درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادی۔عدالت کے روبرو درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ کسی سیاستدان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے کابینہ کی منظوری کی ضرورت نہیں ، ای سی ایل میں نام شامل کرنا ایگزیکٹو آرڈر ہے جو وزارت داخلہ جاری کرتا ہے ۔