دھمکی آمیز مراسلے میں نواز شریف ملوث ہیں، خط چیف جسٹس کو دکھاسکتے ہیں، حکومت

383

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، انہیں جو دھمکی آمیز خط بھیجا گیا ہے اس کے مرکزی کردار نواز شریف ہیں، یہ خط چیف جسٹس کو دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے جو خط قوم کے سامنے لہرایا وہ اسے چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، کیوں کہ چیف جسٹس ایک اہم ترین منصب ہے، انہوں نے کہا کہ ابھی یہ مراسلہ سول ملٹری قیادت تک محدود ہے اور کابینہ میں بھی ہر کسی کو اس خط کا علم نہیں۔ مراسلے کی تاریخ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل کی ہے، یہ اہم اس لیے ہے کہ اس مراسلے میں براہ راست عدم اعتماد کی تحریک کا ذکر ہے، میں اس خط کو دیکھ چکا ہوں یہ حقیقت میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مراسلے میں دو ٹوک الفاظ میں لکھا ہوا ہے کہ اگر عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی تو اس کے خوف ناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، مراسلے میں براہ راست پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ذکر ہے، تحریک عدم اعتماد اور بیرونی ہاتھ آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس مراسلے میں براہ راست نوازشریف ملوث ہیں، پی ڈی ایم کی سینئر قیادت بھی غافل نہیں ہے کہ وہ کہتے رہے ہیں کہ سارے معاملات طے پاگئے ہیں کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ مراسلے میں کیا لکھا ہے، وزیراعظم عوام سے منتخب ہوئے اور عوام کو جواب دہ ہیں اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ مراسلے سے متعلق عوام کو ایک حد تک بتایا جائے کیوں کہ بہرحال مراسلہ ایک قومی راز ہے اور اس خط کا تعلق براہ راست ہماری خارجہ پالیسی سے ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کس کس سے ملتے رہے، کون کون سی غیر ملکی ایجنسیوں کےساتھ ان کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، وزیراعظم جانتے ہیں وہ جب چاہیں گے اس کی تفصیل بتا دیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان وزیراعظم نہ رہیں تو بہتر ہے، ارکان قومی اسمبلی چاہے ناراض ہوں یا نہ ہوں، کسی کو یہ نہیں معلوم اس تحریک کے پیچھے کون سے عناصر ملوث ہیں، وہ خود بھی نہیں چاہیں گے کہ جانتے بوجھتے ہوئے وہ کسی ایسے عمل کا حصہ بنیں جو ملک و قوم کے منافی ہو، اب تک وہ لاعلم تھے تاہم اب صورتحال ان کے سامنے آچکی ہے کہ یہ کھیل کس طرح تیار کیا گیا تو کیا اب بھی وہ اس کا حصہ بننا چاہیں گے؟

فواد حسین چوہدری نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے نہ دیں ایسے لوگ باہر جاکر عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں، خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ آپ کی سیاست آپ کو کس جگہ لے جائے گی۔