آصف زرداری نے شہباز شریف کو وزیر اعظم کہہ کر مخاطب کر دیا

400

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے ایک بار پھر شہبازشریف کو وزیراعظم کہہ کر پکارا۔

ذرائع کے مطابق شہبازشریف کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے، پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، اختر مینگل اور شاہ زین بگٹی سمیت حزب اختلاف کے تمام اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، اجلاس میں قومی اسمبلی کے سیشن کے حوالے سے اراکین پارلیمان کو اہم ہدایات دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری ،بلاول بھٹو زرداری اور دیگر شریک ہوئے جب کہ اس دوران قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی پر گفتگو ہوئیمتحدہ اپوزیشن کے بند کمرے کے اجلاس میں دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی اور اس دوران آصف زرداری نے شہباز شریف کو وزیراعظم کہہ کر مخاطب کیا۔

اس سے قبل شہبازشریف پارلیمنٹ ہاؤس آئے تو صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروادی گئی ہے، وزیراعظم کو کوئی خط نہیں ملا وہ جھوٹ کا ایک پلندہ تھا، سب جھوٹ ہے کیوں کہ عمران نیازی جھوٹا آدمی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آصف زرداری نے (ن) لیگ کے رہنما رانا ثنااللہ کو وزیرداخلہ کہہ کر مخاطب کیا اس پر شہباز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب، آپ رانا ثنااللہ کو وزیرداخلہ پکارکے ایوان کو ڈرا رہے ہیں۔

ذرائع کےمطابق شہبازشریف کی بات پرمتحدہ اپوزیشن کےاجلاس میں قہقہے لگے اور ارکان نےتالیاں بھی بجائیں۔