پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں انویسٹمنٹ کیلئے تیارنہیں، عمران خان خود کو قائداعظم ثانی، دوسروں کوچوراور غدارسمجھتے ہیں، عمران خان نے سی پیک کوتباہ و برباد کر دیا، وزیراعظم پچ پرمزید کھڑے ہونے کے لائق نہیں، عمران خان کومیچ جیتنے کیلئے 172 ارکان کا ہدف ہے، اسٹیڈیم میں تماشائی بھرنے سے میچ نہیں جیتا جاتا ،عمران خان فیل ہوچکے، نیٹ پریکٹس کی ضرورت ہے، اسمبلی میں ارکان عدم اعتماد کرچکے، عمران خان اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرکے ریٹائرڈ ہو جاتے۔
پیر کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن)احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان آزاد خارجہ پالیسی کی سزا بھگت رہے ہیں تو انہوں نے ہمت کیوں نہیں کی اور کیوں نہیں بتاتے کہ کس نے خط لکھا اور دھمکی دی،یہ وہی ڈرامہ تھا جس میں عمران خان قوم کو 35پنکچر کی تفصیل سناتے رہے، 2013کے الیکشن میں بھی 35پنکچر لگائے گئے ہیں، جب عدالت نے تفصیل کا پوچھا تو پتہ چلا کہ کسی نے ان کے کان میں پھونک ماری اور خبر کو نشر کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس کا کوئی ثبوت ان کے پاس موجود نہیں ہے،جب خط کے بارے میں ان سے استفسار ہوگا تو انہیں پتہ چلے گا کہ کسی راہ چلتے نے انہیں فوٹو کاپی پکڑادی جس کی وجہ سے یہ عالمی سازش کی کہانی قوم کو سنا کر اپنی حکومت کو بچا رہے ہیں۔