سکھر (نمائندہ جسارت) سی سیکشن تھانہ کی حدود لوکل بورڈ میں شادی کی تقریب کے دوران اسلحہ کا آزادانہ استعمال، علاقہ خاصی دیر تک ہوائی فائرنگ کی آوازوں سے گونجتا رہا، اطلاع دیے جانے باوجود پولیس شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو روک نہ سکی۔شادی میں ہونے والی اسلحہ کی نمائش کی فوٹیج منظر عام پر آگئی، سکھر کے علاقے سی سیکشن تھانہ کی حدود لوکل بورڈ کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران اسلحہ کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی،ہوائی فائرنگ کے باعث علاقہ مکین خوف و ہراس میں مبتلا رہے،علاقہ مکینوں کے مطابق ہوائی فائرنگ کے بعد سیکڑوں گولیوں کے خالی شیل پولیس کو فراہم کیے گئے ہیں۔ تاہم پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے سے مکمل طور پر قاصر رہی،جبکہ شادی میں ہونے والی اسلحہ کی نمائش کی فوٹیج میڈیا کو موصول ہوگئی ہے، جس میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی میں شریک جدید اسلحے سے علاقے میں فائرنگ کررہے ہیں۔