جے یو آئی کا شیخ رشید و دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان

155

اسلام آباد (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، ڈی سی، اے سمیت ضلعی انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنا جلسہ ناچ گانے، باجوں کی تھاپ پر کر رہا ہے۔ جمعیت کے شہید کارکن کی ایف آئی آر درج کرانے جا رہے ہیں، ایف آئی آر وزیر داخلہ شیخ رشید ، ڈی سی، اے سمیت ضلعی انتظامیہ کے خلاف درج کرائیں گے۔ جے یو آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پر ایف آئی آر نہ کاٹی گئی تو ہم ڈی چوک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسے میں اتنی کرسیاں نہیں ہیں جتنے ہمارے انصار الاسلام کے کارکنان موجود ہیں۔ عمران خان اپنا جلسہ ناچ گانے، باجوں کی تھاپ پر کر رہا ہے جبکہ ہم اپنا جلسہ تلاوت کلام پاک اور اللہ اکبر کے نعروں سے کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ روڈ انصار نے بند نہیں کیا بلکہ انتظامیہ نے بند کر رکھا ہے اور اب جلسہ گرائونڈ میں نہیں اسی روڈ میں کیا جائے گا۔