اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وفاقی کابینہ سے استعفا دے کر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ زین بگٹی نے سینیٹ کے انتخابات میں بھی ہمارا ساتھ دیا تھا اور اس وقت جب ملک ایک دوراہے پر کھڑا ہوا ہے اور ملک اور جمہوریت کا مستقبل خطرے میں ہے ملک کے عوام پارلیمنٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ اس بحران سے نکلا جائے۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ شاہ زین بگٹی کا یہ فیصلہ بروقت اور جرا ٔت والا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے باعزت سیاستدان جو اپنے حلقہ انتخاب کی نمائندگی کرتے ہیں انہوں نے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کی کوشش کی۔ عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو دھوکا دیا اور پاکستان کے عوام کو بھی دھوکہ دیا۔ جب تک بلوچستان اور سارے پاکستان کے اصل نمائندے سامنے نہیں آئیں گے عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔ ہم شاہ زین بگٹی کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے یہ بہادرانہ فیصلہ کیا۔ بلوچستان کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہے اور بلوچستان کے عوام کو تاریخ میں انصاف نہیں ملا۔ اگر ہم نے پاکستان بچانا ہے تو عوام کو انصاف مہیا کرنا ہوگا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں انہیں غلط فہمی ہے کہ وہ بلوچستان کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ جب ہم انتخابی اصلاحات کرکے صاف اور شفاف انتخابات کرائیں گے تو ملک بھر سے عوام کے اصلی نمائندے منتخب ہوں گے۔ پھر ہم ایک ساتھ مل کر ملک کے فائدے میں کام کریں گے۔