یہ وہی لوٹے ہیں جن سے تم ساڑھے تین سال وضو کرتے رہے ،مریم نواز

261

گوجرانوالہ (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ وہی لوٹے ہیں جن سے 3 سال وضو کرتے رہے، 2018 ء میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے، سب سے بڑے چوہے آپ خود ہیں، قوم کا آٹا، چینی، گھی اور سکون بھی کھاگئے، ڈی چوک کسی ملکی، غیرملکی سازش نہیں اپنے اعمال کی وجہ سے تم پہنچے،بلاول کو اردو نہ سیکھنے کے طعنے دیتے ہو، خود 75 برس میں تمیز بھی نہیں سیکھ سکے، نہ صرف پارلیمنٹ بلکہ 16 ضمنی الیکشن بھی ہارے، کیوں اقتدار سے چپکے ہوئے ہو کون سا ٹرمپ کارڈ ہے، آپ کے پاس ایک ہی کارڈ ہے استعفا دو اور گھر جاؤ، آپ کا مستقبل پاکستان کی سیاست میں نہیں ہے، بھاشن دیتے ہیں طاقت ور اور کمزور کے لیے الگ، الگ قانون ہے، فارن فنڈنگ کیس میں جھوٹ بولا گیا۔گوجرانوالہ میں حمزہ شہباز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کاوے موسوی نے بھی نوازشریف سے معافی مانگی، نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی کہا کہ منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی، جج ارشد ملک نے معافی مانگی، وہ وقت دور نہیں جب عمران خان،
نواز شریف، شہبازشریف سے معافی مانگے گا، جو الزام تم نے نوازشریف، شہبازشریف پر لگائے وہ آج تم پر لگ رہے ہیں، کل بڑی چالاک لومڑی بن کر کہہ رہے تھے نوازشریف آئے گا تو یہ کر دے گا، نواز شریف، شہبازشریف کا سب کچھ اسی ملک میں ہے، نواز شریف پاکستان کا بیٹا اور ادارے اس کے اپنے ہیں، تم اداروں کو ڈرا رہے ہو۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے، عدم اعتماد میں تاخیر کر کے آپ آئین کو کترا رہے ہیں، یہ وہی چوہا ہے جو لوگوں کا سکون کھا گیا ہے، گھی کا ڈبہ عوام قسطوں پر لینے پر مجبورہیں، مجھے اسلام آباد سے کال آرہی ہے مذہب کا نام استعمال کیا جا رہا ہے، یہ کیا طریقہ ہے جلسے کا نام امر بالمعروف دے دیا گیا ہے، عوام سے بجلی، آٹا، چینی چھین لینا امربالمعروف ہے؟، آپ مولانا کو بار، بار ڈیزل کہہ کر پکارتے ہیں، اگر کسی شخص کا نام ڈیزل ہونا چاہیے توعمران خان کا ہونا چاہیے، آپ 75 سال میں تہذیب نہیں سیکھ سکے، آپ لوگوں کو چوہا کہتے ہیں، سرکاری وسائل استعمال کرنے کا حق کس نے دیا ہے، یہ آپ کے خاندان نہیں عوام کے خون پیسیے کی کمائی ہے، مجھے ڈی سی نے خود بتایا 200 بسیں لانے کا ٹاسک دیا گیا، اگر یہی پیسہ عوام کی صحت، تعلیم پر لگتا توعوام کو ریلیف ملتا، جلسے میں قومی وسائل کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے آپ کی اپنی پارٹی نے عدم اعتماد کر دیا۔