اسلام آباد (آن لائن/ صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی مکاؤ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھیں اور اس حکومت کا خاتمہ کرکے پاکستان کا مستقبل بچالیں۔ اتوار کو انہوں نے قوم کے نام وڈیو پیغام میں کہا کہ قوم کو قائد نواز شریف کا ایک اہم پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عمران نیازی کے اس ساڑھے 3 سالہ دور میں مہنگائی سب سے اونچی سطح پر ہے جو ایک حقیقت ہے‘ بدترین غربت ایک سچ ہے‘ اس حکومت کے دور میں بدترین کرپشن ایک سچ ہے‘ عام آدمی کے ساتھ ظالمانہ رویہ ایک سچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھو اور اس مہنگائی مکائو مارچ میں جوق در جوق شامل ہو تاکہ کرپٹ اور لوٹ مار میں ملوث اس حکومت کا سیاسی اور آئینی طریقے سے خاتمہ کرکے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا مستقبل بچالیں۔