60 سال عمر مکمل کر کے آخری دن آفس کے ساتھیوں سے الوداعی ملاقات کے دوران سیسی کی سوشل سیکورٹی آفیسر محترمہ عصمت بی کو انتظامیہ کی جانب سے لفافے میں سیل بند لیٹر وصول کرایا گیا تو انہوں نے متوقع ریٹائرمنٹ لیٹر سمجھتے ہوئے خوشی سے وصول کر لیا، لیکن اس لفافے کو کھولتے ہی ان پر حیرت، غم اور صدمے کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ اس لفافے کے اندر ان کا ٹرمینیشن آرڈر تھا۔ پریشان ہو کرانہوں نے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن نمبر D-4741 (2021) داخل کردی۔ ہائی کورٹ نے انصاف کے تقاضے پورے کیے اور کورٹ فیصلے/ ہدایات کے مطابق سیسی نے لیٹر نمبر 2377 بتاریخ 4 مارچ 2022 کے ذریعے انہیں ملازمت پر بحال کرکے انصاف کے مطابق ریٹائر کیا۔
سیسی آفیسرز مینجمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین عابد بخاری، سابق ممبر گورننگ باڈی سیسی/ ممبر فاؤنڈیشن عثمان میمن، ممبرز فاؤنڈیشن چودھری رفیق، عمران خان، عبدالغفور شیخ، ریاض رضا اور سید انعام علی نے خوشی کے اس موقع پر محترمہ عصمت بی کو مبارک باد پیش کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس طرح کا عمل عمران جیلانی وغیرہ کے ساتھ بھی کیا گیا تھا اور افسران کو غلط شوکاز نوٹسز بھی جاری کرائے گئے۔ جس کی فاؤنڈیشن نے نشاندہی کی تھی، تواتر سے اس طرح کے غیرقانونی فیصلوں سے سیسی انتظامیہ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے منسٹر لیبر اور وائس کمشنر سیسی سے ذمہ داران کے خلاف سخت انتظامی ایکشن کا مطالبہ کیا۔