اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاہے کہ آزاد خارجہ پالیسی بنانے پر عمران خان کیخلاف عالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں۔
مراد سعید نے پریڈ گراؤنڈ میں امربالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آزاد خارجہ پالیسی بنانے پرعالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں۔ عمران خان نے ہر فورم پر ڈٹ کر پاکستان اور امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا۔ بیرونی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کرپٹ ٹولے کو بے روزگار کر دیا۔ فرزند زرداری اپنے والد کی کرپشن کا جواب دے، عوام بتائے یورپی یونین سے سوال کس نے کیا؟ عوام بتائے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز کس نے اٹھائی؟
انہوں نے کہا کہ عوام بتائے اندرونی و بیرونی سازشوں کو کس نے بے نقاب کیا؟ عمران خان نے بے روزگار ٹولے کو بے نقاب کردیا ہے، آزاد خارجہ پالیسی کیلئے قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے، ملکی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اگر آپ کا لیڈر عمران خان کہے یہاں سے نہیں جانا تو کیا جاؤ گے؟