اسلا م آباد/ ملتان (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کا مطالبہ صوبے کا ہے، صوبہ بننے سے وفاق مضبوط ہوگا، پیپلزپارٹی، ن لیگ سے درخواست ہے جنوبی پنجاب کے حق میں ووٹ دیں، یہ کسی ایک جماعت کی نہیں ساڑھے 3 کروڑ عوام کی آواز ہے۔ وڈیو لنک پر ملتان کے صحافیوں سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میڈیا نے جنوبی پنجاب صوبے کے موقف کو تقویت دی، ن لیگ اور پی پی جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہیں، بیورو کریسی نے بھی رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب صوبے کے صرف وعدے کیے، ہم نے اسے اپنے منشور کا حصہ بنایا۔ اب اگلا مرحلہ آئینی ترمیم کے ذریعے اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے اور آئینی ترمیم کیلیے 2 تہائی اکثریت کی ضرورت ہے جو ہمارے پاس موجود نہ تھی، پھر ہم نے یہی فیصلہ کیا کہ جو ہمارے بس میں ہے وہ ہم کر گزریں، ہم یہ معاملہ کابینہ میں لے کر گئے اور منظوری حاصل کی، یوسف گیلانی اور بلاول زرداری کو بھی تعاون کیلیے خط لکھے لیکن کوئی جواب نہ آیا۔جنوبی پنجاب صوبے کا بل تیار کر کے وقت بچانے کیلیے ہم نے سرکولیشن کے ذریعے کابینہ سے اس کی منظوری لی، جس کے بعد بل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے پاس لے کر گیا اور ایجنڈے میں شامل کرنے کی درخواست کی، میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ اسپیکر صاحب نے اس کی منظوری دیدی ہے، اب ہماری کوشش ہے کہ آنے والے اجلاس میں اسے ایجنڈے کا حصہ بنائیں اور پھر اسے اسٹیڈنگ کمیٹی کو بھیجیں۔