منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کو حاضری یقینی بنانے کا حکم

122

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیشل جج سینٹرل نے منی لانڈرنگ کیس میں آئندہ سماعت پر شہباز شریف کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عبوری ضمانت کیلیے ملزم کا پیش ہونا ضروری ہے، ملزم پیش نہ ہو تو عبوری ضمانت خارج کردی جاتی ہے، کیس کی مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ اسپیشل جج سینٹرل نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے معافی کی درخواست دی گئی، قومی اسمبلی کے اجلاس کیلیے شہباز شریف اسلام آباد میں ہیں، شہباز شریف بطور قائد حزب اختلاف اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، ایسے حالا ت میں عدالت ملزم کو سہولت دے سکتی ہے۔ آئندہ سماعت پر شہباز شریف حاضری یقینی بنائیں۔ تحریری حکم میں مزید کہا کہ سی ایف او محمد عثمان کے وکیل نے عدالت کے دائرہ اختیار پر بحث کے لیے مہلت مانگی، آئندہ سماعت پر وکلا بحث کے لیے پیش ہوں۔