حکومت جاچکی ہے، ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں،مریم نواز

251

لاہور (نمائندہ جسارت ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت جاچکی ہے، ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں،عمران خان کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں یہ جھوٹا شخص ہے، مسلم لیگ ن خدمت کا نام ہے، امید ہے جلد حالات بدلیں گے اور غریب کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مہنگائی مکاؤ مارچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ردعمل سے پتا چلا ہے کہ لوگ کس طرح اس نااہل اور ناکام حکومت سے تنگ تھے۔یہ تحریک اپوزیشن نے شروع نہیں کی بلکہ یہ قدم عوام نے اٹھایا ہے، یہ قدم عمران خان کی اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی نے اٹھایا ہے، کیونکہ تاریخی ناکامی کا بوجھ کوئی نہیں اٹھا سکتا،اپوزیشن نے تاخیر کی لیکن عوام تو پہلے ہی آگے جاچکی ہے۔عمران خان ایک جھوٹا شخص ہے اس کی کسی بات کا مجھے یقین ہے اور نہ قوم کو یقین ہے، یہ وہی شخص ہے 35 پنکچرز والا، ایک کروڑ نوکریوں والا اور 50 لاکھ گھروں والا، نو دنوں میں کرپشن ختم کرنے والا وہی شخص ہے میں سمجھتی ہوں اس کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں ہے، عزت اسی میں ہے سامان باندھے اور چلتا بنے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت جاچکی ہے، چیخیں نہیں سن رہے، عمران خان جاچکا ہے ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں۔عمران خان نے 22 کروڑ عوام کی جو بربادی کی ہے، اب ٹھیک کرنے کو اس کا وقت لگے گا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف، مسلم لیگ ن نام خدمت کا ہے۔