اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے امربالمعروف جلسے میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پنجاب، خیبرپختونخوا اور ہزارہ سے آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے تحت امر بالمعروف جلسے کا انعقاد کیا جارہا ہے، جلسے کو لیکر کارکنان میں نیا جوش ولولہ پایا جاتا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کارکنان کے قافلے ‘پریڈ گراؤنڈ’ میں پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے رات گئے اپنے آڈیو پیغام میں لوگوں سے جلد سے جلد جلسہ گاہ پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے آج ہونے والے جلسے کو پاکستان کے مستقبل کی جنگ قرار دیا ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت کیلئے 36 کنٹینرز پر مشتمل اسٹیج تیار کیا گيا ہے، جلسہ گاہ میں خواتین کیلئے خصوصی انکلوژر تیار کیا گیا ہے، جہاں ہزاروں کرسیاں لگادی گئیں، جب کہ خواتین انکلوژر کو حفاظتی شیٹس اور خاردار تار لگا کر الگ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے اسلام آباد میں مہنگائی مارچ و جلسے کے لیے جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے اسلام آباد میں سیاسی پارٹیوں کے جلسہ کے حوالے سے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشاد کے مطابق ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلئے ٹریفک پولیس کے 370 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
نوید ارشاد نے کہا اہم شاہراہوں پر ریلیوں کے گزرنے کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ کسی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق ڈائیورشن شہریوں کی سہولت اور رش سے بچنے کےلئے لگائی جاتی ہے اس دوران شہری متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ ڈائیورشن پوائنٹس اور متبادل راستوں پر شہریوں کی سہولت کےلئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔