حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوچکی ہے، جو گڑھا انہوں نے عمران خان کے لیے کھودا تھا اس میں خود دفن ہوں گے، زرداری نوٹوں کا پجاری تھا لوٹوں کا بیوپاری بھی بن گیا ۔ وہ حیدر آباد میں اسلام آباد جلسہ میں روانگی کے لیے آنے والے سندھ کارواں کے استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کل کا جلسہ ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا ، قوم فیصلہ سنادے گی کہ وہ کس کے ساتھ ہے ؟ ہم ان 3 چور چوہوں کے مشکور ہیں کہ انہوں نے قوم کو یکجا کیا ، حلیم عادل نے کہا کہ تحریک انصاف 2013ء اور 2018ء سے زیادہ مضبوط ہے ۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ چھوٹو زرداری 14سو ارب کی کرپشن میں ملوث ہے اس کو اب جواب دینا ہوگا ، سندھ کی عوام کا خون چوسنے والے آج سوداگر بنے ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن کی اُمیدیں ڈرامہ کی مانند ہیں اور جلد سب امیدوں پر پانی پھرجائے گا۔کچھ دنوں میں چھوٹے زرداری کی ٹانگیں بھی کانپنے لگ جائیں گی کیونکہ و ہ سندھ حکومت کی اربوں روپے کی کرپشن کے حصہ دار ہیں ، سندھ کے عوام میں اس وقت غم وغصہ ہے کہ سندھ ہاؤس میں لوٹوں کی خریدوفروخت کی جارہی ہے جس سے سندھ بدنام ہورہا ہے۔ سندھ ہاؤس دلالی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حیدرآباد کی ایک لوٹی نزہت پٹھان نے بھی سندھ کو بدنام کیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ عمران خان سندھ کے لوگوں کو آگے نہیں لاتے نزہت پٹھان جوکہ کچھ عرصے قبل ہی پارٹی میں شامل ہوئی اس کے فوری بعد عمران خان نے اس کو رکن اسمبلی بنایا اور اب وہ لوٹی ہوگئی ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر رمیش کمار نے بھی ہندو برادری کے نام کو بدنام کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اتحادی کہیں نہیں جارہے وہ سب ہمارے ساتھ ہیں ، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے ، عمران خان کا قصور صرف یہ ہے کہ اس نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا ، اس نے یورپی یونین کو کہا کہ ہم تمہارے غلام نہیں ہیں ۔