کوٹری (جسارت نیوز) پاک چائنا انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج سسٹم نے چین اور پاکستان کی ثقافتی روایات اور نوجوانوں کے لیے چینی زبان سیکھنے کے لیے جامشورو میں نیا سینٹر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ چائنیز لینگویج سینٹر اور پاک۔چائنا انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان تعلیمی معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چائنیز لینگویج سینٹر کے چائنیز ڈائریکٹر پروفیسر شاو ین، فیکلٹی ممبر کیو لی، پاکستانی ڈائریکٹر چائنیز لینگویج سینٹر کیڈٹ کالج پیٹارو پروفیسر کاشف درانی، پاک چائنا انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج سسٹم کے ڈائریکٹر میرزادی، کو ڈائریکٹر آصف شر اور پرنسپل ماہرہ نور عباسی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز اور کنگفو کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر شاو یان، پروفیسر کاشف درانی، آصف شر اور ماہرہ نور عباسی نے کہا کہ چائنیز لینگویج سینٹر اور پاک چائنا انٹرنیشنل میں ہونے والے معاہدے کے مطابق چینی زبان کی چینی فیکلٹی پاک۔چائنا انٹرنیشنل سکول اینڈ کالیج سسٹم میں بچوں کو چینی زبان سکھائے گی اور خود چینی زبان کا ٹیسٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق لے گی، چینی زبان سیکھنے والوں کو چین کا اسکالرشپ ملے گا اور ذہین بچوں کو چینی تعلیمی دورے کرائے جائیں گے۔معاہدے کے مطابق پاک چائنا انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج سسٹم چین اور پاکستان کے ثقافتی روایات، دن، قومی اور بین الاقوامی دن ایک ساتھ منائے جائیں گیاور مستقبل میں ایک نیا سینٹر بنایا جائے گا۔ چین کے تعاون سے قائم کردہ اسکول میں شام کو نوجوانوں کے لیے چینی زبان سیکھنے کی کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پر پاک۔چائنا انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج سسٹم کے پرنسپل ماہرہ نور عباسی کو کیڈٹ کالج اور چائنا لینگویج لرننگ ڈیپارٹمنٹ نے چائنیز کنفیوشس کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔