اسپیکر نے عمران نیازی کیساتھ مل کر سازش کی، شہباز شریف

197

اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسد قیصر عمران نیازی کے کٹھ پتلی ہیں، تحریک عدم اعتماد پر 14 دن کے اندر اجلاس بلانا قانونی اور آئینی ضرورت تھی مگر اسپیکر نے عمران نیازی کے ساتھ مل کر سازش کی اور اس طرح وہ آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں،وارننگ دیتا ہوں اگر پیر کے روز کوئی غیر آئینی عمل دہرایا تو پھر ہر حربہ استعمال کریں گے اور دما دم مست قلندر ہوگا جبکہ بلاول زرداری نے کہا کہ اسمبلی کے آئندہ سیشن میں عمران خان سابق وزیراعظم ہوجائیں گے۔دونوں رہنما ئوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر نے پھر پی ٹی آئی کے ورکر کی طرح قانون اور روایات کو پائوں تلے روند دیا، 8 مارچ کو قرارداد جمع کرائی
گئی جس کے بعد 14دن میں اسپیکر اجلاس بلانے کا پابند تھا، اسپیکر کو کیا مشکل تھی وہ 21مارچ سے پہلے اجلاس بلا سکتے تھے، یہ قانونی معاملہ تھا لیکن اسپیکر نے عمران نیازی سے مل کر سازش کی، وہ آرٹیکل 6کے مرتکب ہوئے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ فاتحہ خوانی کے بعد پوائنٹ آف آرڈر پر کھڑا ہوا، بات تو دور کی بات، اسپیکر نے دیکھنا بھی گوارا نہ کیا، وہ اٹھ کر چلے گئے، اسپیکر کا یہ کردارتاریخ میں سیاہ الفاظ میں قائم رہے گا۔اس موقع پر بلاول زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مقا بلے سے بھاگ رہے ہیں، یہ کیسا کپتان ہے جو پچ چھوڑ کر بھاگ رہا ہے مگر ہم متحد ہیں، ہم انہیں نہیں بھاگنے دیں گے اور یہ کب تک بھاگ سکتے ہیں، عدم اعتماد ہمارا جمہوری حق ہے، یہ اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، اب جیسے ہی اگلا سیشن شروع ہوگا عمران خان سابق وزیراعظم بن جائیں گے۔