عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے،بلاول

359
اسلام آباد: قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ہارجیت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے‘ ہم محنت کر رہے ہیں۔ جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے‘ 3 سال کی محنت کے بعد آرڈر آف ڈے پر عدم اعتماد کی تحریک آ گئی ہے‘ آگے جا کر جیت عوام کی ہو گی‘ شکست سلیکٹڈ کی ہو گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم مقابلے سے بھاگ رہے ہیں، عمران نیازی اگلے اجلاس تک سابق وزیراعظم بن جائیں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہو کر غیر جمہوری قوت کا مقابلہ جمہوریت سے کرے گی‘ اگلا وزیراعظم الیکٹڈ ہی ہوگا‘ عدم اعتماد پیش کرنے پر حکومت خوفزدہ نظر آئی‘ سندھ ہاؤس پر حملہ کر دیا، حکومت ایسا ہر حربہ آزما رہی ہے جس کے ذریعے موجودہ صورتحال سے بھاگ سکے۔ بلاول نے کہا کہ یہ کیسا کپتان ہے جو پچ چھوڑ کر بھاگ رہا ہے مگر ہم انہیں نہیں بھاگنے دیں گے‘ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا جمہوری حق ہے‘ عمران خان اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔